ملبورن ،31دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہندوستان کے خلاف ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر شکست کے بعد آسٹریلیا کے کپتان ٹم پین نے قبول کیا کہ ان کے بلے باز اسٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی غیر موجودگی میں مہمان ٹیم کے انتہائی عمدہ بولنگ حملے کا سامنا کرنے میں ناکام رہے۔ ہندوستان نے تیسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 137 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 2-1کی برتری حاصل کرلی ہے۔ وراٹ کوہلی کی قیادت والی ٹیم نے اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا میں 70 دہائی میں پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتنے کی طرف مضبوط قدم بڑھائے۔پین نے کہا کہ اسمتھ اور وارنر اور کیمرون بینکروفٹ کی غیر موجودگی سے ٹیم میں تجربہ کم ہونے کی وجہ سے ایسا ہواہے۔ہندوستانی بولنگ شاید بہت اچھی ہے جتنے اچھے گیند بازوں کا سامنا ہمارے بلے بازوں نے اپنے کیریئر میں کیا ہے۔یہ واضح ہے کہ اگر آپ دنیا کے کسی بھی بلے بازی آرڈر سے ٹاپ دو یا تین کھلاڑیوں کو ہٹا دو تو آپ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا اور آپ کی کارکردگی میں تسلسل کی کمی رہے گی۔ہم بھی ایسا ہی دیکھ رہے ہیں۔